بھٹکل 29/مئی (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ضلع اُترکنڑا میں پیر کی رات سے آج صبح تک گرج چمک کیساتھ مسلسل بارش ہونے کے نتیجے میں کئی علاقوں سے نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔یلاپور میں زوردار بارش کے ساتھ بجلی کوندنے سے ایک خاتون شدید زخمی ہوئی ہے تو وہیں ہلیال میں جانوروں کا شیڈ جانوروں پر ہی گرنے سے دو بیل ہلاک ہوگئے ہیں۔
یلاپور میں زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت سونی جانو پٹکار کی حیثیت سے کی گئی ہے جو یلاپور کے کیروتّی دیہات کی رہنے والی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سونی گھر پر آرام کررہی تھی کہ زوردار بجلی چمکی اور سونی کو چھو کر گذرگئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید جھلس گئی ہے، سونی کو ابتدا میں یلاپور سرکاری اسپتال لے جایا گیا تھا، مگر بعد میں ہبلی کے کیمس میں منتقل کیا گیا ہے۔
بھٹکل میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ ہوئی بارش سے درخت اُکھڑکر مکانوں پر گرنے سے چھ مکانوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ پڑوسی اضلاع اُڈپی اوردکشن کنڑا میں بھی زوردار بارش کے نتیجے میں کئی علاقوں میں کافی نقصانات ہوئے ہیں۔
کاروار سے ملی اطلاع کے مطابق بھاری بارش سے کئی علاقوں میں درختوں کے مکانوں پر اور سواریوں پر گرنے سے نقصانات ہونے کی اطلاعات ہیں۔ طوفانی ہوائوں کے نتیجے میں سمندر کنارے پارک کی ہوئی ایک بوٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔